ہم نصابی سرگرمیاں لیڈرشپ اور تخلیقی صلاحیتیں پیدا کرنے کیلئے ضروری ہیں، صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں

جمعہ 18 جنوری 2019 20:38

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں نوجوانوں اور بچوں میں قائدانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا باعث بنتی ہیں، تعلیمی نظام میں اس بات کی ضرورت ہے کہ طلباء میں تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف صلاحیتیں بھی پیدا کی جا سکیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی، دی ایجوکیشنسٹ، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور قومی احتساب بیورو لاہور کے اشتراک سے منعقد ہونے والے آل پاکستان ہم نصابی مقابلوں میں جیتنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں الرازی ہال میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر نیاز احمد، شعبہ صحافت کے معروف استاد اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے کا نام نہیں بلکہ شخصیت کو سنوارنا بھی اس کا لازمی جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو قوم تعلیم یافتہ ہو وہ مستقبل سے متعلق بہتر فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور پاکستانی قوم صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں میں حکومت ڈگریاں بانٹنے کی بجائے ڈگری اور گریجوایٹس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گریجوایٹس میں متعلقہ شعبے کی ضروریات کے مطابق صلاحیتیں پیدا کرنے کیلئے تعلیمی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور مختلف اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مقابلوں کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے تمام صوبوں سے بچوں اور نوجوانوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ملک کو معاشی وسائل سے نکالنے اور معیار تعلیم میں بہتری کیلئے معاشی و تعلیمی پالیسی بنا رہے ہیں جو کہ حکومت تک پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ اس وقت ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج اور شہریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پنجاب یونیورسٹی نے گڈ گورننس، میرٹ، ٹرانسپرنسی کی سمت دی اور رواں سال پنجاب یونیورسٹی تعلیم میں نیشنل ایکشن پلان کی طرح ایمرجنسی نافذ کرنے کی سمت دے رہی ہے کیونکہ ملک وقوم کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شفیق جالندھری نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں تعلیم و تربیت کا حصہ ہیں اور تہذیب کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔

ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور نے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ان مقابلوں کا انعقاد ممکن نہ تھا۔بعد ازاں وزیر برائے اعلی تعلیم یاسر ہمایوں نے کامیابی پانے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ مقابلوں میں تمام صوبوں اور کشمیر سے 350اداروں کی1500سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے سالانہ مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی نے ٹیم ٹرافی اور ایک لاکھ روپے انعام جیتا جبکہ جی سی یونیورسٹی لاہور اور فیصل آباد کو مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن اور پچاس ہزار کیش ایوارڈدیا گیا۔ سکول کیٹیگری میں دی پنجاب سکول اور گریژن اکیڈمی سرور شہید کیمپس نے مشترکہ طور پر ٹیم ٹرافی اور ایک لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔واپڈا ہائی سکول شالامار اور دانش سکول بوائز چشتیاں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔مناہل شہباز نے دی لینڈر ہاف سکول سسٹم کی نمائندگی کرتے ہوئے اردو تقریرمیں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں