ریاست اور حکومت سانحہ ساہیوال پر جھوٹ کا سہارا نہ لیں ‘ لیاقت بلوچ

ایک سال میں تین بجٹ (ن)لیگ اور تحریک انصاف کی برابری کی بنیاد پر نااہلی اور ناکامی ہے‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 23 جنوری 2019 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ فرد ، گروہ ، پارٹی یا ریاستی ادارے لاقانونیت کریں ، سب ایک ہی طرح کا جرم سرزد کرتے ہیں ، پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پناہ اور اندھا دھند اختیارات دیے گئے ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے علما کے وفد اور سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ اداروں کے اندر ادارے قائم کردیے گئے ہیں جس سے قانون ، عدلیہ اور انصاف مفلوج ہوگئے ہیں اور اندھے اختیارات سر چڑھ کر بول رہے ہیں ۔ سانحہ ساہیوال اس کی بدترین مثال ہے اب وقت آگیاہے کہ ریاست اور سیاست پورے نظام کو ریویو کرے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماضی کی سیاست اور اسلوب حکومت کی طرح گلا سڑا نظام جاری ہے ۔ موجودہ حکومت بھی عوام دشمن نظام کو تحفظ دے رہی ہے ۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے اور عوام پر مسلسل بوجھ بڑھا رہی ہے ۔ ایک سال میں تین بجٹ مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی برابری کی بنیاد پر نااہلی اور ناکامی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے مسائل کا حل کرپشن سے پاک گڈ گورننس میں ہے ۔

ملک و ملت کے مسائل کاحل اور استحکام اسلامی نظام کے مکمل نفاذ اور اہل و دیانتدار قیادت کے ذریعے ممکن ہے ۔ بھانت بھانت کی بولیاں اور بھان متی کا سیاسی کنبہ پاکستان کو بحرانوں سے نجات نہیں دلاسکتا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ریاست اور حکومت سانحہ ساہیوال پر جھوٹ کا سہارا نہ لیں ۔ ہمت اور جرأت کریں ، غلطی تسلیم کریں اور خرابیوں کا ازالہ کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں