ہائیکورٹ بار انتخابات ،عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار حفیظ الرحمان چوہدری صدر منتخب ہو گئے

کبیر احمد چوہدری نے بھی نائب صدر کی نشست جیت لی ،سیکرٹری کی نشست پر فیاض احمد رانجھا 4659 ووٹوں کیساتھ کامیاب فنانس سیکرٹری کی نشست پر عنصر جمیل گجر 5370 ووٹ لیکر کامیاب رہے ،حامی وکلاء نے بھرپور جشن منایا ،کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے

ہفتہ 23 فروری 2019 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار حفیظ الرحمان چوہدری 3ہزار 871ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہو گئے ،کبیر احمد چوہدری نے بھی نائب صدر کی نشست جیت لی جبکہ سیکرٹری کی نشست پر فیاض احمد رانجھا 4659 ووٹوں کیساتھ کامیاب رہے ،کامیاب امیدوارووں کے حامی وکلاء نے نتائج کے اعلان کے بعد بھرپور جشن منایا اور کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے میدان سجایا گیا جس کے باعث لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ اور چاروں بنچز پر تعطیل تھی ۔انتخابات میں 4عہدوں کے لئے مجموعی طور پر 14 امیدوار میدان میں اترے ، صدارتی امیدوار حفیظ الرحمان کو عاصمہ جہانگیر گروپ ،صدارتی امیدوار خادم حسین قیصر کو حامد خان گروپ اور صدارتی امیدوار ساجد میر کو لطیف کھوسہ گروپ کی حمایت حاصل تھی ۔

(جاری ہے)

نائب صدر کی نشست کے لیے پانچ امیدوار میدان میں اترے جن میں چوہدری سعید حسین ناگرہ،رانا ارشاد منج،سردار نجیب اختر خان،شائستہ قیصر،کبیر احمد چوہدری اور وسیم احمد بٹ شامل تھے ،سیکرٹری کی ایک نشست کے لیے تین امیدوار چوہدری سہیل احمد گجر، طارق فاروق اور فیاض احمد رانجھا مدمقابل تھے جبکہ فنانس سیکرٹری کی ایک نشست کے لیے دو امیدوار عنصر جمیل گجر اور مصباح سرور گورائیہ مدمقابل تھے ۔

پولنگ سکیم کے تحت پانچ پولنگ اسٹیشنز تشکیل دئیے گئے جبکہ خواتین ووٹرز کے لیے الگ پولنگ بوتھ بنایا گیا ۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے انتخابات میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام بجے تک جاری رہا ۔پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا اور بعد میں غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ۔جس کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار حفیظ الرحمان چوہدری 3871 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہو گئے ۔

جبکہ انکے مد مقابل صدر کے امیدوار خادم حسین قیصر 2391اور ساجد بشیر شیخ 1225 ووٹ لے سکے۔نائب صدر کی نشست پر کبیر احمد چودھری 2300 ووٹ لیکر کامیاب رہے جبکہ انکے مد مقابل بیرسٹر چوہدری سعید حسین ناگرہ 1915، رانا ارشاد منج 722، سردار نجیب اکبر خان 406، شائستہ قیصر 1381اور وسیم احمد بٹ 736 ووٹ لے سکے۔سیکرٹری کی نشست پر فیاض احمد رانجھا 4659 ووٹوں کیساتھ کامیاب رہے ،انکے مد مقابل طاہر فاروق عرف اللہ بخش لغاری 1241 اور چوہدری سہیل احمد گجر 1525 ووٹ لے سکے۔

فنانس سیکرٹری کی نشست پر عنصر جمیل گجر 5370 ووٹ لیکر کامیاب رہے جبکہ انکے مد مقابل مصباح سرور گورائیہ نے 2081 ووٹ لئے۔نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں کے حامی وکلاء نے بھرپور جشن منایا اور کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔علاوہ ازیں انتخابات کے موقع پر ہائیکورٹ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایک ایس پی ،ایک ایس ڈی پی او ، ایک ایس ایچ او، 240پولیس کانسٹیبلزاور 20 لیڈی پولیس کانسٹیبلز نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیئے ۔ٹریفک پلان کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ملحقہ سڑک عام ٹریفک کے لیے بند رہی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں