پنجاب کے وزراء میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں‘میاں محمود الرشید

میٹر و ٹرین منصوبے کو بند نہیں کیاجا سکتا ‘اس کی جلد از جلد تکمیل کے لئے دن رات کام جاری ہے دو ارب روپے کی لاگت سے 130کنال اراضی پر تعمیرکئے جانے والے پارک اینڈ شاپ ایرینا کی تعارفی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمو د الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزرا میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں،دو ارب روپے کی لاگت سے جوہر ٹائون میں 130کنال اراضی پر ایل ڈی اے کی طرف سے تعمیرکیاجانے والا پارک اینڈ شاپ ایرینا پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے اس کا باقاعدہ افتتاح جلد ہی وزیر اعظم پاکستان یا وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے ، اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو ٹھیک نہ سمجھتے ہوئے بطور اپوزیشن لیڈر اس کی ڈٹ کر مخالفت کی تاہم اب یہ منصوبہ اس مرحلے پر ہے جہاں اسے بند نہیں کیاجا سکتا بلکہ اس کی جلد از جلد تکمیل ضروری ہے۔

اس مقصد کے لئے دن رات کام جاری ہے ۔ وہ گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ پارک اینڈ شاپ ایرینا کی تعارفی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران‘ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان ‘ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز ظریف اقبال ستی ‘رانا عبدالشکور اور رانا ٹکا خان ‘چیف انجینئر مظہر حسین خان ‘چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زیدی ‘چیف میٹروپولٹین پلانر اظہر علی اور دیگر افسران کے علاوہ کاروباری حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

ایرینا میں چار چار مرلے کے 120پلاٹوں پر دو منزلہ دکانیں اور شوروم وغیرہ مغلیہ ‘ اطالوی اور چینی طرز تعمیر کے بلاکوں میں تعمیر کی گئے ہیں۔یہاں فوڈ چینز اور ملبوسات کے برانڈز وغیرہ کے آؤٹ لٹ قائم کئے جائیں گے۔یہ منصوبہ خیابان فردوسی مین بلیوارڈ جوہرٹاؤن پر علیم ڈار کرکٹ اکیڈمی اور میاں پلازہ کے درمیان واقع سڑک پر تعمیر کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں