وزیر اعظم عمران خان کے نزدیک شخصیات نہیں ملک اہم ہے، ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے بولڈ فیصلہ کیا‘ صمصام بخاری

وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو اہداف دیئے ہیں ،مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو مہنگائی کم کرنے کیلئے حکمت عملی طے کرنے کا کہا ہے‘ وزیر اطلاعات

ہفتہ 20 اپریل 2019 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نزدیک شخصیات نہیں ملک اہم ہے،وزیراعظم نے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے بولڈ فیصلہ کیا اوراس فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور جلد مطلوبہ نتائج برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تنقید کی بجائے قابل عمل اور مفید تجاویز دے ، دنیا کا سب سے آسان کام تنقید ہے جو اپوزیشن رہنما بڑھ چڑھ کر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو کچھ اہداف دیئے ہیں اور نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی معاشی ٹیم کو مہنگائی کم کرنے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کو کہا ہے۔ ہم رمضان میں عوام کو ریلیف دیں گے اور ریلیف دینے کا یہ سلسلہ آنے والے بجٹ میں بھی عوام کو نظر آئے گا۔

(جاری ہے)

صمصام بخاری نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی خزانے پر ملکی تاریخ کاسب سے بڑا ڈاکہ مارا اور اس بیدردی سے وسائل سے کھلواڑ کیا کہ نڈھال قومی معیشت کو ہوش میں آنے میں وقت لگے گا۔

لیکن قوم کو اپنے لیڈر عمران خان پر پورا بھروسہ اور بھرپور اعتماد ہے کہ وہ اپنی دیانت اور قائدانہ صلاحیتوں سے قوم کی کشتی کنارے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے گھبرانا اور شکست تسلیم کرنا ہمارے رہنما کی سرشت میں نہیں ۔ وزیر اعظم نے ثابت کیا ہے کہ بڑے مسائل کے حل کیلئے وہ بڑے فیصلے کر سکتے ہیں اور انہوں نے ایسا ہی کیا ہے ۔ عمران خان اور سابق حکمرانوں میں یہی فرق ہے کہ وہ مسائل دیکھ کر کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلیتے تھے جبکہ عمران خان کواللہ تعالی نے ہمت اور حوصلے سے نوازا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں