صوبائی وزیر جنگلات کی زیر صدارت جاری اسکیموں سے متعلق جائزہ اجلاس

پودے لگانے کیساتھ ساتھ ان کی افزائش اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے ‘ محمدسبطین خا ں

منگل 23 اپریل 2019 23:45

لاہور۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) صوبا ئی وزیر جنگلات وائلڈ لائف و فشریز محمد سبطین خان کی زیر صدارت محکمہ جنگلات ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری اسکیموں سے متعلق جائزہ اجلاس یہاں منگل کے روز منعقد ہوا ۔ اجلاس میںسیکرٹری جنگلات چیف کنزرویٹر سید اعجاز حسین شیرازی ، کنزر ویٹر ڈی جی خان ڈویژن محمد عظیم سمیت محکمہ جنگلات پنجاب کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

کنزر ویٹر ڈی جی خان ڈویژن نے صوبائی وزیر کو ڈی جی خان میں جاری اسکیموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ڈی جی خاں میں محکمہ جنگلات کی جانب سے تونسہ ، بارتھی، ٹھٹھہ جھوک بوورو،رکھ ٹرمن ، رکھ گولے واہ‘ مظفر گڑھ سے ڈیرہ غازی خان روڈ اور چوکی والا تا زین والا روڈ سمیت مختلف علاقوں میں شجر کاری کی جا رہی ہے جس کے باعث علاقے کی قدرتی خوبصورتی میں بہت اضافہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ شجر کاری پروگرام میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت نہ برتی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ مظفر گڑھ تا ڈیڑہ غازی خان روڈ کے اطراف علاقائی نسل کے پودوں کو خاص فوقیت دی جائے ، اور پودے لگانے کیساتھ ساتھ ان کی افزائش اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لا پرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پنجاب کو سر سبز و شاداب بنانا ہے اور پوری محنت اور لگن سے کام کرنا ہے تا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کر سکیں ۔انہوں نے کہاکہ دورے حاضر میں ماحولیاتی و موسمیاتی آلودگی بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہو ں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں