محکمہ آبپاشی پنجاب نے صوبہ بھر میں پانی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 1958 افراد کو گرفتار کر لیا، ترجمان

پیر 15 جولائی 2019 23:34

لاہور۔15 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) محکمہ آبپاشی پنجاب نے صوبہ بھر میں پانی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 1958 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان محکمہ آبپاشی نے یہاںاے پی پی کو بتایا کہ یکم مئی سے جاری پانی چوروں کے خلاف مہم کے دوران 8465 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 3251 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹرڈ کیسز کی تعداد پچھلے 10 سالوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 3980 موگہ جات میں ردوبدل کیا گیا اور ان میں غیر قانونی طور پرپائپ ڈال کر پانی کو چوری کیا جاتا ہے‘غیر قانونی پائپ جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ پائے گئے‘انہوں نے کہاکہ کریک ڈائون سے مظفر گڑھ‘راجن پور‘بہاولنگر اور بہاولپور کے اضلاع میں ٹیل پر کاشتکاری کرنے والے کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی چوری کی اطلاع ٹول فری نمبر0800-11333 یا محکمہ آبپاشی کی ویب سائیٹ پر آن لائن کروائی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری نے پانی چوری کے خلاف مہم کے دوران مختلف علاقوں کا خود بھی دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حال ہی میں محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی چوروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں