سول ملٹری قیادت کے ایک پیج پر ہونے کیوجہ سے اپوزیشن بد ترین حسد میں مبتلا ہی: جمشیداقبال چیمہ

عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،اس سے کسی صورت غافل نہیں ہوسکتی: سینئر مرکزی رہنما

منگل 22 اکتوبر 2019 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سول ملٹری قیادت کے ایک پیج پر ہونے کی وجہ سے اپوزیشن بد ترین حسد میں مبتلا ہے ،اپوزیشن کے بعض رہنمائوں کی قومی اداروں کے خلاف بیان بازی بلا جواز اور قابل مذمت ہے ،کیپٹن (ر) محمد صفدر یاد رکھیں کہ اب و ہ وزیر اعظم کے نہیںبلکہ اربوں،کھربوں کی لوٹ مار کرنیوالے ایک قیدی کے داماد ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے حلقہ این اے 127کے وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس سے کسی صورت غافل نہیںہوسکتے، مولانافضل الرحمان اقتدار کی ہوس میں اس قدر اندھے ہوچکے ہیں کہ وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کیلئے جتھے تیارکئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ نواز شریف کے عدالتی مفرور صاحبزادہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہمدردیاں حاصل کرنے کی بجائے پاکستان میں آکراپنے خلاف لوٹ مارکے مقدمات کا سامناکریں ۔

ان کے اپنے اعمال ان کی سختیوں کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پورا ملک27اکتوبر کو بھارت کے خلاف یوم سیاہ منا رہاہوگا ا یسے میں اپوزیشن کی جانب سے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کیلئے اپنی سیاست چمکائی جارہی ہو گی ۔ ملک کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہوش کے ناخن لئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنا مرضی واویلا کرلے کرپشن کے کیسز میں کوئی تعطل آئے گا اور نہ حکومت کوئی رعایت دے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں