پولیو کے حوالے سے برطانوی اخبارکی رپورٹ کی تحقیقات کرائی جائیں ‘ سائرہ افضل تارڑ

پولیووائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے اور کیسز چھپانے کی رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے ‘ سابق وزیر صحت

جمعہ 8 نومبر 2019 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے برطانوی اخبارکی رپورٹ پرتحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیووائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے اور کیسز چھپانے کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی ڈونرز سے کیسز چھپانے اور حکومت کے لاعلم ہونے کا انکشاف عمران نیازی حکومت کی مجرمانہ نالائقی کا ثبوت ہے ۔

گارڈین کی رپورٹ کا مطلب یہ ہے کہ موجودہ نااہل انتظامیہ نے پولیو کے خاتمے کی ہماری محنت پر پانی پھیر دیا ہے ،پولیو کے خاتمے میں شریک عالمی ترقی کے برطانوی ادارے سے حقائق چھپانا مجرمانہ غفلت کی انتہااور پاکستان دشمنی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ برطانوی ادارے نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کئے ،حکومت کا مجرمانہ عمل پاکستان میں پولیو کے نظام اور پروگرام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ،حقائق چھپانے پر پولیو فنڈنگ پر اثر پڑا تو عمران نیازی اور ان کی حکومت کا یہ ناقابل معافی جرم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گارڈین اخبار کے حکومت پر سنگین الزام کی تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کو سزا ملنی چاہیے ،معصوم پاکستانی بچوں کو معذور بنانے کے ذمہ دار عمران نیازی اور ان کی نالائق حکومت ہے ،حکمرانوں کی نااہلی سے پاکستان کے لے عالمی سطح پر مشکلات میں اضافے کا خطرہ ہے ،نوازشریف دور میں پی ٹو سٹرین کا ملک سے خاتمہ کردیاگیا تھا،آج بھی دنیا ہمارے دور کی کاوشوں کا اعتراف کررہی ہے ،گارڈین نے پولیو کے مہلک مرض کے حوالے سے ہمارے تحفظات اور خدشات کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے کیسز کا اس طرح چھپایا جانا بڑے خطرے کی نشاندہی ہے ،نوازشریف اور شہبازشریف نے پاکستان کو پولیو فری بنادیا تھا، سلیکٹڈ نے پھر قوم کے بچوں کو معذور بنادیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں