لاہور ہائیکورٹ کا محکمہ داخلہ سے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کا ایکٹ کا مسودہ پیش کرنے کا حکم

احتجاج کی وجہ سے شہریوں کی نقل و حرکت کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں،ملازمین کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا بھی حکم

جمعہ 22 نومبر 2019 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کے دھرنے کیخلاف درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب سے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کا ایکٹ کا مسودہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 25 نومبر کو عدالتی احکامات پر کی گئی کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈائریکٹر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملازمین تنخواہوں اور دیگر مراعات کے لئے احتجاج کر ہے ہیں ،مذکورہ ملازمین سپریم کورٹ کے حکم پربنائے گئے اراضی ریکارڈ سنٹرز پرکام کرتے ہیں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ ڈیوٹی پر نہ آنے والے ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ جسٹس جواد حسن نے کہاکہ موجودہ حکومت کا مال روڈ کوریڈ زون قراردینے کے حوالے سے قانون بنانے کا اقدام اچھا ہے۔13 روز سے جاری اس احتجاج کی وجہ سے شہریوں کی نقل و حرکت کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔ فاضل عدالت نے حکم دیا کہ اتھارٹی احتجاجی ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے اس کی رپورٹ پیش کرے جبکہ اسی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کی جائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں