حکومت پنجاب 31دسمبر تک 115نئے اراضی سنٹرز قائم کر دے گی ‘ملک محمد انور

ریونیو معاملات میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے‘صوبائی وزیر مال

جمعہ 22 نومبر 2019 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) پنجاب حکومت مختلف اضلاع میں عوام کی سہولت کے لئے 115نئے اراضی سنٹرز قائم کر رہی ہے جو31دسمبر 2019سے اپنے کام کا آغاز کر دیں گے۔ ان اراضی سنٹرز پر عوام کو اپنی جائیدادوں کی فرد ملکیت کے حصول اور انتقال اراضی کی سہولت میسر آئے گی۔یہ بات صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 36اضلاع میں 153پہلے سے قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز شہریوں کو ان کی جائیدادوں کے حوالے سے مختلف سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ بورڈ آف ریونیو جدید ٹیکنالوجی سے لیس 20 نئی سٹیٹ آف دی آرٹ موبائل وینز بھی خرید رہا ہے۔یہ موبائل وینز ضرورت مند افراد کو جائیداد سے متعلق ضروری سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کریں گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح دیہی آبادی کوجائیداد کی فرد اور انتقالات کے ساتھ ساتھ زرعی زمینوں کی دستاویزات کے حصول کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو نے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ریونیو کے معاملات میں عام آدمی کی زندگی میں انقلاب برپا کیا ہے۔ اس طرح کسانوں اور دیگر افراد کو پٹواریوں اور سرکاری اہلکاروں کے در پر خوار نہیں ہونا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو معاملات میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کی جائیدادیں قبضہ گروپوں سے محفوظ رہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں