محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور پنجاب اور یو جی آئی کے باہمی اشتراک سے ڈینگی سیمینار کا انعقاد

سیمینار میں صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین اور سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر ارشاد احمد کی خصوصی شرکت

بدھ 26 فروری 2020 22:45

لاہور۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) ڈینگی جیسے موذی مرض کے تدارک اور روک تھام کے حوالے سے محکمہ انسانی حقو ق واقلیتی امور پنجاب اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے باہمی اشتراک سے یو جی آئی کے ہیڈ آفس میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے بطور مہمان خصوصی شرکت جبکہ سیکرٹری انسانی حقو ق ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی سیکرٹری محمد یوسف نے محکمہ کے دیگر افسران کے ہمراہ شرکت کی۔

ڈائریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے کوآرڈینیٹر ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر محمد عامر اسلم نے تمام شرکاء کو ڈینگی تدارک بارے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سیمینار میں ڈینگی کی وجوہات اور کنٹرول کے حوالے سے ایک تصاویر پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیراعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ یونیک گروپ والوں کا کردار ہمیشہ سے لائق تحسین رہا ہے ،چاہے وہ کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت کرنا ہو یا کسی بھی قسم کی وباء وغیرہ کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہو۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے آگاہی سیمینار کی بدولت نوجوان نسل کو اعتماد میں لیکر بہت سی بیماریوں سے بچا ئو کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں اور پاکستان میں جب سے ڈینگی آیا ہے تب سے تمام ادارے بہت اچھا کام کر رہے ہیں بالخصوص محکمہ صحت کا کردار قابل تحسین رہا ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ اس طرح کی وباء کی روک تھام کیلئے کسی بھی قسم کی سیاست سے بالاتر ہوکر بحیثیت پاکستانی فرض نبھانا ہوگا کیونکہ بد قسمتی سے سابقہ ادوار میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظر انداز کیا گیا تاہم ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا۔سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہاکہ سیمینار کا مقصد ہے کہ ہر بچے میں شعور اجاگر کیاجائے کہ وہ اپنے خاندان کے ذریعے ڈینگی جیسے مرض کو قابو کر سکے اور یہ جان لے کہ ہمارے پیارے مذہب میں بھی صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے جبکہ ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کیلئے بہت آسان طریقہ ہے کہ اپنے گھروں میں پانی مت کھڑا ہونے دیں ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے جار ی کردہ احتیاط کو یقینی بناکر ہی ڈینگی سے بچا جا سکتا ہے تاہم آپ سب کیلئے یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ پنجاب حکومت نے تمام اداروں کے توسط سے اس موذی مرض کو کنٹرول کیا ہوا ہے جبکہ یہ حقیقت ہے کہ ماضی میں محض غفلت اور لاپرواہی سے ڈینگی پروان چڑھا ۔دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احتیاط اور پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کردہ ایس او پیز کو اپنانے پر زور دیا جبکہ سیمینا ر کے اختتام پر مقررین کو تعریفی سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں