کورونا وائر س کے خلاف ہسپتال انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے ‘ڈاکٹر محمود صلاح الدین

اتوار 5 اپریل 2020 16:45

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) جنرل ہسپتال میں ڈاکٹرز‘پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین میں کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حفاظتی کیٹس تقسیم کر دی گئیں ‘ ہسپتال انتظامیہ نے 57680 سرجیکل ماسک ڈاکٹرزوپیرا میڈیکل سٹاف میں تقسیم کیے جبکہ کورونا و دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا طبی معائنہ اور نگہداشت پر مامور سٹاف کو 411پی پی ای کٹس،2600سے زائد بلیو گاؤن اور سینی ٹائزر بھی مہیا کیے گئے ہیں‘اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ کورونا وائر س سے طبی عملے کو بچانے کے لئے جنرل ہسپتال میں بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں ‘صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے احکامات کی روشنی میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈیکس ملک و قو م کے ہیرو ہیں ، ان کی حفاظت کو مقدم رکھا جائے گا اور ان کی ضروریات کا بھی مکمل خیال رکھا جائے گا جبکہ ہسپتال میں جراثیم کش سپرے کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذکورہ اشیاء کی دستیابی کافی مشکل کام ہے ان اشیاء کو قیمتی تصور کر تے ہوئے احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی گائیڈ لائنز کے مطابق مریضوں اور ملازمین کی ضروریات و تحفظ فراہم کریں گے اور اس سلسلے کو کورونا کے آخری مریض کی صحت یابی تک جاری رکھا جائے گا‘کورونا وائر س کے خلاف لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں