سیاسی انتشار پاکستان کے مفاد میں نہیں ،اس سے بین الاقوامی سطح پر اچھا پیغام نہیں ملے گا، خواجہ خاور رشید

جمعرات 13 اگست 2020 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) پنجاب اکنامک کونسل کے چیئرمین خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ سیاسی انتشار پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔اس سے بین الاقوامی سطح پر اچھا پیغام نہیں ملے گا۔ سرمایہ کاری اور زرمبادلہ ملک میں لانے کے لیے پرامن ہونے کا پیغام پیش کرنا بہت ضروری ہے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کرونا سے نمٹنے اور گرے لسٹ سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے لہذا تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی ہم آہنگی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی پاکستان مخالف قوتوں کو ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے کا موقع فراہم کرتی ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے اس لئے پوری دنیا کی نظر پاکستان پر ہے۔ سیاسی عدم استحکام پوری دنیا کو منفی پیغام دیتا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد توڑتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں