وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز، سائنٹیفک بنیادوں پر کیس کی تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے

ذ*پنجاب پولیس نے گذشتہ24 گھنٹوںمیں سات مزید مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا اب تک کی تحقیقات میں 125 زیرتفتیش ملزمان میں سے 20 کا مرکزی کردار سامنے آیا : راؤ سردار علی خان

اتوار 5 دسمبر 2021 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2021ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سیالکوٹ فیکٹری میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے اور پنجاب پولیس سائنسی بنیادوں پر کیس کی تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔۔۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیکرٹری پراسکیوشن کو کیس کی مکمل پیروی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔

کیس کے متعلق تازہ ترین تفصیلات بارے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ فیکٹری میں سری لنکن شہری کی ہلاکت میں ملوث مزید 7 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہیں ویڈیو فوٹیج میں غیر ملکی شہری پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر کیس کی تفتیش کو سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھایا جارہا ہے اور سی سی ٹی سی فوٹیج ، موبائل کالز ڈیٹا سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر گزشتہ24 گھنٹے میں پولیس نے مزید 7 مرکزی کرداروں کا تعین کرتے ہوئے انکو گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راؤ سردار علی خان نے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق 125 زیرتفتیش افراد میں سے 20 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے جبکہ زیرتفتیش دیگر افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس افسوس ناک واقعہ کے تمام ملزمان کو پنجاب پولیس بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کردے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کیس کے حوالے سے مزید تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے اور اب تک مختلف مقامات پر سینکڑوں چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ رات ٹریس کرکے گرفتار کئے گئی7 ملزمان کو ویڈیو فوٹیج میں تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے اور کچھ ملزمان کے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی واضح ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور تفتیش کے مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں