سال کی پہلی انسداد پولیو مہم، 22.4ملین بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2022ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے لاہور میں سال کی پہلی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے۔ مہم ملک کے چاروں صوبوں کے 70 مخصوص اضلاع میں 24 جنوری سے شروع ہورہی ہے۔ اس مہم میں پانچ سال تک کے 22.4ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے تاہم پولیو کے لیے حساس قرار دیئے جانے والے خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں 17 جنوری سے مہم کا آغاز کردیا گیا تھا۔

جاری ہونے والے بیان کے مطابق مذکورہ مہم میں ایک لاکھ 50 ہزار سے ف*زائد تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو موذی مرض سے بچانے کے لیے قطرے پلائیں گے۔ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

لاہور میں مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد بار بار قطرے پلانے سے بچوں کو موذی مرض سے بچانا ہے۔

سال 2022ء میں 2021ء میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو برقرار رکھیں گے جس کے لیے پولیو کیلئے حساس قرار دیئے گئے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پچھلے سال 2021ء میں تاریخ کے سب سے کم کیسز سامنے آئے اور ہم آخری منزل کے حصول کے لیے اس موقع کو ضائع نہیں ہونے دیں گے‘‘۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے مہم کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ بہترین سہولیات کو ممکن بنایا جائے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کا بھرپور ساتھ دیں۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سنٹر پنجاب سندس ارشاد کے علاوہ دوسرے حکومتی عہدیداران بھی موجود تھے۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ ’’پولیو پروگرام گھمبیر چیلنجز کے باوجود مسائل کے حل کے لیے پرامید ہے۔

میں اس بات پر زور دیتا ہوں کہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو ممکن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں‘‘۔ بار بار پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ’’ پولیو ویکسین محفوظ ہے اور وائرس کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت میں بڑھانے میں مددگار ہے اور انہی قطروں سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکتا ہے‘‘۔

اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس نہ ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پروگرام درست سمت پر گامزن ہے۔صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 سے مہم کے دوران والدین کی رہنمائی کی جائے گی۔ اگر کہیں پر بچے قطرے پینے سے محروم رہ جائیں تو صحت تحفظ اور واٹس ایپ ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں