پولٹری فارمرز کو تحقیق اور تربیت بارے سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سیکرٹری لائیوسٹاک نوید حیدر شیرازی

بدھ 18 مئی 2022 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) محکمہ لائیوسٹاک پولٹری فارمر کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی نے پولٹری انڈسٹری کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولٹری فارمرز، پولٹری ایسوسی ایشن کے سٹیک ہولڈرز اور محکمانہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر عبدالرحمان نے پنجاب کے پولٹری سیکٹر بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے شرکا سے خطاب کے دوران کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے، محکمہ لائیوسٹاک تحقیق، سرویلنس، تشخیص، تربیت اور قوانین کی صورت میں پولٹری انڈسٹری کو مدد فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولٹری فارمز پر بیماریوں کی موجودگی پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔

پولٹری سیکٹر کی سہولت کے لیے پنجاب کی سات پولٹری لیبارٹریز فعال ہیں جو پولٹری فارمرز کو بلا معاوضہ خدمات فراہم کر رہی ہیں۔اسکے علاوہ پولٹری سے متعلقہ قوانین کے تحت پولٹری فیڈ کے تجزیے کیلئے بھی لیبارٹری قائم کی گئی ہے نیز بیماریوں پر قابو پانے کیلئے مائیکوپلازما سمیت تمام بیماریوں کی لوکل ویکسین تیار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیوسٹاک کی تمام لیبارٹریز روزانہ کی بنیاد پر 5پولٹری فارمزکا دورہ کریں گی اور نمونہ جات اکھٹے کریں گی۔

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (نارتھ)کے چیئرمین ڈاکٹر عبدلکریم بھٹی کا کہنا تھا کہ ملکی پولٹری سیکٹر کا 73فیصد حصہ پنجاب سے آتا ہے۔رضا خورسند کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک پولٹری انڈسٹری کیلئے ماں کا کردار ادا کرتا ہے۔اجلاس میں پولٹری انڈسٹری، پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور محکمہ لائیوسٹاک کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں