چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 19 مئی 2022 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو تمام تیاریاں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت یہاں ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور مربوط کوششوں سے سیلاب جیسی قدرتی آفت سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے، سیلاب اور موسم کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی اوروفاقی محکمے رابطہ کار بڑھائیں۔بجلی کی لٹکتی تاروں کو ہٹانے کیلئے ڈی جی پی ڈی ایم اے کوواپڈا حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بارشوں کے دوران کر نٹ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے بروقت نکاس کیلئے تمام ڈرینز اور سیوریج لائنز کی صفائی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو اضلاع میں سانپ کے کاٹے کی ویکسیئن اورضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دریاں، نالوں، بندوں اور پلوں کے اردگرد تجاوزات کو ختم کرایا جائے اوراضلاع میں قائم فلڈ کنٹرول رومز میں متعلقہ محکموں کاعملہ ڈیوٹی پر موجود رہے۔

اجلاس میں لاہور کی طرز پر دیگر بڑے شہروں میں بھی بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واٹر سٹوریج ٹینکس بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کو ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع نے ڈسٹرکٹ فلڈ ایمرجنسی پلانز تیار کرکے پی ڈی ایم اے کو بھجوا دیئے ہیں۔15جون تک صوبائی فلڈ ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ اضلاع میں فرضی مشقوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔نالہ لئی کی صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،داخلہ،آئی جی پنجاب، آبپاشی، زراعت، خزانہ کے سیکرٹریز، ڈی جی پی آرپنجاب اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں