لاہور کے علاقہ شاد باغ سے طالبہ کے اغواء کا معاملہ،پولیس نے اغواء میں ملوث ملزمان عابد،الیاس اور آفتاب کو گرفتار کرلیا

منگل 24 مئی 2022 00:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) پنجاب پولیس نے لاہور کے علاقہ شاد باغ سے اغواء ہونے والی طالبہ کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اغواء میں ملوث تینوں ملزمان عابد،الیاس اور آفتاب کو ملتان سے گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان نے لاہور پولیس کو طالبہ کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، اسی سلسلے میں لاہور اور ملتان پولیس نے خفیہ جوائنٹ آپریشن کرکے ملزمان کو ملتان سے گرفتار کرلیا ہے اور اغواء میں استعمال ہونے والے ملزمان کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ10 ویں کلاس کی طالبہ کو پولیس نے کل رات عارف والا سے بازیاب کرالیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں کل سے فیلڈ میں متحرک تھیں تاہم ملزمان نے کل سے کئی مرتبہ اپنی لوکیشنز تبدیل کی اور پولیس سے بھاگتے رہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور اور ملتان پولیس کی ٹیموںنے خفیہ جوائنٹ آپریشن کرتے ہوئے ملزمان کو ملتان سے گرفتار کرلیا ہے جس کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے طالبہ کی بحفاظت بازیابی پر آئی جی پنجاب رائو سردارعلی خان کی تعریف کی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کو کیس کی تفتیش اپنی نگرانی میں کرانے کی ہدایت کی ہے، تفتیش کو جلداز جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں