وزیراعلی پنجاب کی لانگ مارچ کے دوران امن عامہ کیلئے بہترین انتظامات پر پولیس و انتظامیہ کو شاباش

جمعہ 27 مئی 2022 23:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لانگ مارچ کے دوران امن عامہ کیلئے بہترین انتظامات پر پولیس اور انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ اپنے سیاسی رفقا کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ پولیس،انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے غیر معمولی حالات میں ڈلیور کیا۔

صورتحال ایک امتحان تھی،آپ سب نے مشاورت سے فیصلے کئے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترے۔ہماری نیت نیک تھی اس لئے اللہ تعالی نے بھی ہماری مدد کی۔پولیس نے اپنے فرائض منصبی ادا کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ کی لیکن اس کے باوجود فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

فرنٹ لائن پر موجود پولیس اہلکاروں نے حوصلے اور جذبے سے فرائض سرانجام دیئے۔

آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ آپ آئندہ بھی اسی جا نفشانی اور جذبے سے مخلوق خدا کے لئے فرائض سرانجام دیں گے۔اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، جہانگیر خانزادہ، ذیشان رفیق، ترجمان پنجاب حکومت عطا اللہ تارڑ، عمران گورایہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور سرگودھا کے کمشنرز اورآرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں