رائے ونڈ سرکل کو کرائم فری بنانے کیلئے پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے،گشت بڑھا دیا گیا ‘عامر ملک

بار بار تعینات ہونیوالے افسران و ملازمین کو بھی بہت جلد تبدیل کردیا جائیگا‘ڈی ایس پی رائے ونڈ سرکل کی میڈیا سے گفتگو

پیر 27 فروری 2023 21:26

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2023ء) ڈی ایس پی رائے ونڈ سرکل محمد عامر ملک نے کہا ہے کہ رائے ونڈ سرکل کو کرائم فری بنانے کیلئے پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے،گشت بڑھا دیا گیا ہے ،رائے ونڈ سرکل میں منشیات فروشوں ،قحبہ خانوں اور قمار بازی کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ،کرائے داروں کے کوائف جمع نہ کروانے والے مالکان دکان ،مکان کے خلاف بھی کارروائی ہورہی ہے شہری ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی جائیدادیں کرائے پر دینے سے قبل مقامی پولیس اسٹیشن میں اندراج کروائیں تاکہ شہریوں کی جان مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ تعیناتی کے دوران سرکل میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے زمین تنگ کردی ہے سرکل میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے شہر ی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اپنے اردگرد جرائم پر نگاہ رکھیں پولیس کوبروقت اطلاع دیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے جمعہ المبارک کے اجتماعات اور اتوار کو مسیحی برادری کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی دی جارہی ہے تاجر برادری سیکورٹی گارڈ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائے تاکہ جرائم پیشہ عناصرکے خلاف گھیرا تنگ کیا جاسکے ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس پی محمد عامر ملک نے کہا کہ رائے ونڈ سرکل میں بری شہرت رکھنے والے پولیس ملازمین کا صفایا کیا جارہا ہے بار بار تعینات ہونیوالے افسران و ملازمین کو بھی بہت جلد تبدیل کردیا جائیگا ،جرائم کے خلاف کام کرنیوالے پولیس ملازمین کو شاباش دی جائیگی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی حمایت اور جرائم کو پروان چڑھانے والے پولیس ملازم کسی رعایت کے مستحق نہیں ہونگے انہوں نے مزید کہا کہ میرے دروازے عوام کیلئے کھلے ہوئے ہیں شریف شہری اپنے مسائل کیلئے حل کیلئے میرے آفس آئیں انہیں پوری عزت اور احترام دیا جائیگا ،ٹائوٹ ازم کا خاتمہ کردیا گیا ہے عوام کیلئے تھانے کے دروازے کھلے ہیں ،پولیس عوام کیساتھ ملکر جرائم کی روک تھام کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں