وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہورپولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

جمعرات 28 مارچ 2024 13:17

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہورپولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرلاہور پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف منظم کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس حوالے سے رواں سال میں پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران1872مقدمات درج کر کی1931ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سی37ہزار350 سے زائد پتنگیں اور1622چرخیاں برآمدکی گئی ہیں۔

کینٹ ڈویژن میں پتنگ بازی کی434ملزمان، سول لائنز ڈویژن میں 165، سٹی ڈویژن میں 451، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 255، صدر ڈویژن میں 285اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 341ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سی سی پی اونے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے خلاف منظم کریک ڈاؤن جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ سازوں اور ڈورمینوفیکچررزکے قلع قمع کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایک جان لیوا شوق ہے، والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں۔بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری نبھائیں اور پتنگ بازی کی اطلاع 15پر دیں تا کہ قانونی کارروئی کی جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں