خواجہ سراؤں اور مخنث افراد کے لئے فری تربیتی ورکشاپ کا آغاز 20 اپریل سے ہوگا، عنصرجاوید

جمعرات 28 مارچ 2024 14:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) برتھ ڈیفیکٹس فائونڈیشن اور ٹرانسجینڈر ری ہیبلٹیشن ویلفیئر سوسائٹی (ٹی آر ڈبلیو ایس) کے زیر اہتمام خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے سمیت ان کے با عزت روزگار کی ضمانت کے لیے 3 روزہ تربیتی ورکشاپ20اپریل کو علامہ اقبال ٹائون لاہور میں منعقد ہو گی۔ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن اور ٹی آر ڈبلیو ایس کے چیئرمین و ماہر نفسیات عنصر جاوید نے'' اے پی پی''سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراؤں اور مخنث لڑکے اور لڑکیوں کےلئے اپریل میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں فری تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں20 اپریل کو علامہ اقبال ٹائون لاہور میں ورکشاپ منعقد کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور اسلام آباد میں فری ٹریننگ ورکشاپ کروائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے دوران فارن کوالیفائیڈ بیوٹیشن ثمینہ علیم تربیت دیں گی جبکہ ورکشاپ کے اختتام پر سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ برتھ ڈیفیکٹس فائونڈیشن ملازمت کی فراہمی میں بھی مدد کرے گی تا کہ خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن اب تک ملک بھر میں14695 ہونٹ و تالو کٹے مریضوں کا مفت آپریشن کر چکی ہے،فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کر تی ہے۔انہوں نے کہا کہ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن کے زیر اہتمام پروفیسر سرجن ڈاکٹر افضل شیخ مستحق افراد کی اب تک241 سرجریاں زکوة فنڈ سے کر چکے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں