کمشنر لاہور کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس

اجلاس میں لاہور شہر سمیت دیگر اضلاع میں چینی شہریوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 29 مارچ 2024 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور شہر سمیت دیگر اضلاع میں چینی شہریوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے ایس پی یو نے موجودہ انتظامات و اقدامات سے آگاہ کیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں چینی شہریوں کی نقل و حرکت طے کردہ ایس او پی ز کے مطابق ہونے پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ناگزیر ہے کہ وہ اپنے نزدیکی پولیس خدمت مرکز یا قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع رکھیں۔ کمشنر لاہور نے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پالیسی میں مزید نکات شامل کرنے کی سفارش کی جائیگی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہا کہ چینی شہریوں کے پاکستانی میزبان بھی انکی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

پولیس خدمت مراکز و قریبی تھانے کو آگاہ رکھیں۔ چینی شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر 0321-8484103، 042-99214243 اور [email protected] پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ضلعی انتظامیہ و پولیس نے پوری ڈویژن کے چینی شہریوں کے سکیورٹی آڈٹ کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ایس ایس پی سکیورٹی وہاب، ڈی سی شیخوپورہ ڈاکٹر وقار خان، ڈی سی قصور محمد ارشد بھٹی، ڈی سی ننکانہ صاحب محمد ارشد چوہدری، ایس پی ایس پی یو محمد نعمان سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے محکموں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں