حکومت مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 50ہزارکرے‘تحریک لبیک کی یوم مزدور پر ریلی

ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں‘مقررین

بدھ 1 مئی 2024 18:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) تحریک لبیک پاکستان ضلع لاہور رکشہ یونین کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر داتادربار سے پریس کلب شملہ پہاڑی تک ریلی نکالی گئی ،ریلی میںسینکڑوں کی تعداد میں مزدوروں،شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں نے رکشوں سمیت شرکت کی ۔ریلی کی قیادت امیر تحریک لبیک پاکستان ضلع لاہور عثمان مظفر نقشبندی،نصیر الدین اعوان ،محمد عاصم رضوی ،حاجی صدیق رضوی، عمیر جہانگیر رضوی،قاری جمیل احمد شرقپوری، شیخ وقاص احمد اور محمد یوسف رضوی نے کی ۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیرعثمان مظفر نقشبندی، حاجی صدیق رضوی،نصیر الدین اعوان کا کہنا تھا کہ یوم مزدورمزدوروںکی جدوجہدکی یاددلاتاہے، مزدور ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،مزدوروں کی جدوجہدکو نتیجہ خیز بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قاری جمیل احمد شرقپوری، محمد یوسف رضوی، شیخ وقاص احمد کا کہنا تھا کہ ہر انسان آزاد ہے اس کا حصول رزق کے لیے ہر جائز عمل قابل احترام ہے جس کا معاوضہ لازم ہے، وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں لہذا حکومت مزدور وںکی عزت اور وقار کو تحفظ دے۔ مزدور کی تعریف مزدوروں کے حقوق اور ان کو تحفظ دینے والا نظام کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔

مزدوروں کی عزت و آبرو اور ان کے حقوق کو تحفظ صرف اسلامی نظام ہی دے سکتا ہے،کیپٹل ازم، سوشل ازم اور کیمونزم اس میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں مزدوروں پر ستم تو ڈھائے گئے لیکن ان کا تحفظ بھی نہ ہو سکا۔ رسول کریم ﷺ کا ارشاد ہ ہے قیامت کے دن جن تین آدمیوں کے خلاف میں مدعی ہوں گا ان میں ایک وہ شخص جو کسی کو مزدور رکھے اور اس سے پورا پورا کام لے مگر مزدوری پوری نہ دے ۔اس موقع پرتحریک لبیک پاکستان کے رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت فوری طور پر مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت پچاس ہزارکرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں