اشیا ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین

بدھ 22 مئی 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، کونسل نے سیکرٹری خوراک اور سیکرٹری زراعت پر مشتمل اپیلیٹ کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی پروڈیوسر، ڈیلر، امپورٹر، سیلر کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ان کی اپیلوں کی سماعت کرے گی۔

کونسل نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کمپوزیشن کی بھی منظوری دی۔ڈپٹی کمشنر پرائس کنٹرول کمیٹی کا چیئر پرسن جبکہ سرکاری افسران اور ایسوسی ایشنز کے نمائندے ممبران ہوں گے۔ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیا ضروریہ کی دستیابی،سپلائی اور قیمتوں پر نظر رکھیں گی ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بھی مانیٹر کریں گی اور قیمتوں کے تعین میں ڈسٹرکٹ کنٹرولر کی معاونت کریں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرز کو ایک ہفتے کے اندرکمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔کونسل نے ریت کے ساتھ سینڈسٹون،سلٹ سٹون،سلیٹ سٹون اور گریول کو اشیا ضروریہ کے شیڈول میں شامل کرنے کی بھی اجازت دی۔صوبائی وزیر صنعت کو قیمت پنجاب ایپ کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

عوام کو اشیا ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں،غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہاکہ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ کا مستقل لائحہ عمل ضروری ہے ، اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے مڈل مین کے کردار کو محدود کرناہو گا۔پرائس کنٹرول ایک چیلنج ہے تاہم اس سے نمٹنے کیلئے مربوط کاوشیں کرنا ہوں گی۔سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیو سٹاک، سپیشل سیکرٹری زراعت،ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں