ڈینگی میڈیکل کے ساتھ سماجی مسئلہ ہے، شہری صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ‘ پرنسپل جنرل ہسپتال

ہفتہ 14 جون 2025 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار میڈیکل کے ساتھ ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے، جس پر قابو پانے کیلئے شہریوں کو اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھنا ہوگا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کو ڈینگی سے پاک اور دیگر وبائی امراض کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے، طبی ماہرین، سول سوسائٹی اور میڈیا کواس مرض کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ آگاہی واک کے شرکاء اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر خرم سلیم، پرنسپل کالج آف نرسنگ روبینہ انعام، ڈی سی این ایس فضیلت لعل ، ڈاکٹر عدنان مسعود ، ڈاکٹر جعفر حسین شاہ، ڈاکٹر محمد مقصود ، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت نرسنگ آفیسرز ، طالبات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبے سے وابستہ خواتین اپنی اپنی کمیونٹی میں ڈینگی وائرس و دیگر امراض کی روک تھام اور حفظان صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے،جس کے لیے عوام میں شعور و آگاہی بہت ضروری ہے،اسٹیک ہولڈرز،سول سوسائٹی اور میڈیا کو شعور و آگاہی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، تاکہ عوام ان پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں بلکہ علاج معالجے پر اٹھنے والے اخرجات کو بھی کم کیا جا سکے۔

پرنسل کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے،ہسپتال انتظامیہ دن رات مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ کہ انسداد ڈینگی کے لئے جنرل ہسپتال کی جانب سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں لیکن ڈینگی کے خاتمہ کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کر نا ہو گا۔

ایم ایس پروفیسر فریاد حسین اور ڈاکٹر محمد مقصود نے ڈینگی وباء کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بخارکے ساتھ سردرد، پٹھوں، ہڈیوں یا جوڑوں میں تکلیف، متلی، قے، آنکھوں کے اندر تکلیف، غدود کی سوجن اور خارش اہم علامات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر دانیوں کا استعمال اور سپرے یقینی بنائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی مچھروں کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش زیادہ تر گھروں کی چھتوں، دیگر مقامات پر جمع شدہ صاف پانی میں ہوتی ہے لہذا ان بریڈنگ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں اور شہریوں کی اہم ذمہ داری ہے۔دیگر شرکاء نے بھی اس موقع پر ڈینگی مچھر سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور ڈینگی بخار سے بچنے کے لئے مختلف حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ڈینگی وائرس سے ہیلتھ پروفیشنلز اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال میں سپرے کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔واک کو شرکاء نے پوسٹرز،بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر درج تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں