م*اسرائیلی جارحیت: جنگ طویل ھو کر پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہی: خواجہ سعد رفیق

اسرائیلی حملہ ایران کو اپنے دفاع کیلئے ایٹمی طاقت بننے کا جواز فراھم کر دیگا، سابق وفاقی وزیر

ہفتہ 14 جون 2025 21:45

)لاہور (آن لائن) سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے شک ایران تکنیکی و عسکری لحاظ سے کمزور اور سیاسی طور پر تنہا ہے لیکن یہ غزہ ھے نہ مصر، بہت سے مسلم ممالک سے خوشگوار تعلقات نہ ھونے کے باوجود تمام مسلم ممالک نے کھل کر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے پہلے مرحلے میں ایران کی اندرونی کمزوریاں سامنے آئی ھیں ، محسوس ھوتا ھے کہ انہوں نے متوقع جنگ کی بھرپور تیاری نہیں کی لیکن یہ آغاز ھے، ابھی بہت سے مرحلے باقی ھیں، بطور ایک خود مختار ریاست، ایران کی بقا، اسکے کھڑے رھنے میں ھے، ایرانی قوم یمن اور حماس کی مانند ڈٹی رھیگی۔

ان کا کہناتھاکہ واضح رھنا چاہئے کہ یہ جنگ طویل ھو کر پورے خطے سمیت عالمی طاقتوں کو لپیٹ میں لے سکتی ھے اھم بات یہ ھے کہ جنگ جوں جوں آگے بڑھے گی ، ایران کی علاقائی و عالمی حمایت بڑھتی چلے جائیگی۔

(جاری ہے)

ٹرمپ/ نیتن یاھو ڈاکٹرائن ایران کوعسکری طور پر نقصان پہنچا سکتی ھے مگر سیاسی طور پر بہت مضبوط بنا دیگی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی شہ پر کیا جانیوالا اسرائیلی حملہ ایران کو اپنے دفاع کیلئے ایٹمی طاقت بننے کا جواز فراھم کر دیگا۔

کمزور ایرانی فضائیہ، اسرائیل سے زمینی فاصلہ، اردنی حکومت کی صیہونیت نوازی، اسرائیل کو امریکہ اور یورپ کی عطا کردہ جدید فوجی ٹیکنالوجی، امریکی کمیونی کیشنز، امریکی اوراسرائیلی جاسوسی اداروں کا اشتراک اسرائیلی برتری کاسبب ھے لیکن جلد یا بدیر ایران کی جوابی کارروائی اسرائیل کو ھلا کر رکھ دے گی۔ ان کاکہناتھاکہ ایران پر دشمن کے فضاء حملے اور ایران کی جوابی کاروائیاں جاری رھیں گے مگر ایران جیسے بڑے ملک پر گراؤنڈ اٹیک کرنا یا اسے مکمل شکست دینا ناممکن ھوگا۔

اگر امریکہ اس جنگ میں براہ راست کود پڑا تو جنگ کا اختتام کسی اور کے بطور سپر پاور ظہور پر منتج ھو گا، ایرانی نقطہٴ نظر سے جنگ کے باوقار خاتمے کیلئے ترکی، روس، چین، سعودی عرب یواے ای اور پاکستان کا کردار اھم ھو گا۔ انکا مزید کہنا تھاکہ ایرانی عوام دیکھ لیں کہ انکا پرانا حلیف بھارت مکمل طور پر خاموش ھے، وہ انکے کسی کام نہیں آئیگا جبکہ پاکستان نے جنگ کے پہلے ھی دن ایران کی حمایت کا اعلان کر دیا ھے ، آج کوئی طاقت پاکستان کی سرزمین کو ایران کیخلاف استعمال نہیں کر سکتی۔ ان شا اللّٰہ ٹرمپ اور نیتن یاھو کا شیطانی اتحاد ناکام و نامراد ھو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں