قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کادوسرا روز مکمل

پیر 26 اکتوبر 2020 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت سدرن پنجاب نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ ناردرن کی ٹیم تاحال اپنی دوسری اننگز میں 311 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ دوسرے روز میچ کے اختتام پر ناردرن نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کیٹاپ آرڈربیٹسمین حسین طلعت نے 310 گیندوں پر 33 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 253 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کومیچ میں مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ سدرن پنجاب نے 113.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔

(جاری ہے)

کپتان شان مسعود 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ناردرن کے نعمان علی نے 4 اور اطہر محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے سدرن پنجاب نے میچ کے دوسرے روز 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز سے اپنی پہلی اننگزکا آغاز کیا تھا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز فواد عالم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت سندھ نیسنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنالیے ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔

تابش خان 17 کے انفرادی اسکور سے فواد عالم کے ہمراہ میچ کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک 83 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔ احمد بشیر اور وقاص مقصود 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ا س سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کے مجموعے میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز بلوچستان کے نام رہا۔ 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر 229 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اس کی ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔ دن کے اختتام پر بلوچستان نے اپنی دوسری اننگز میں 1 ایک وکٹ کے نقصان پر 34 رنز بنالیے ہیں۔ سمیع اسلم 15 اورنائٹ واچ مین خرم شہزاد 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پوری ٹیم 362 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بسم اللہ خان 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کے پی کے اسپنر ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں خالد عثمان اور کامران غلام کے علاوہ کے پی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا اور ان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بلوچستان کے خرم شہزاد نیتباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کامران غلام نے 42 رنز بنائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں