سپورٹس میں خواتین کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں‘وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی

سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہر گیمز میں خواتین کے ایونٹس شامل کئے ہیں،کنیئرڈ کالج کا ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن اقدام ہے قومی کرکٹ ٹیم افغانستان کیخلاف میچ میں بھی کامیابی حاصل کریگی‘کنیئرڈ کالج میں ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر خطاب

جمعہ 29 اکتوبر 2021 00:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ خواتین ہرشعبہ زندگی کی طرح سپورٹس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے، سپورٹس میں خواتین کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے حال ہی میں 5 اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمیئن شپ کرائی ہے جس میں تمام صوبوں اور اداروں کی 14 ٹیموں نے حصہ لیا ہے، ہم جتنی بھی گیمز کراتے ہیںان میں خواتین کے ایونٹس بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو، مستقبل میں بھی خواتین کے سپورٹس ایونٹس کرائیں گے، کنیئرڈ کالج کا ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن اقدام ہے جس سے خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی،قومی کرکٹ ٹیم 29اکتوبر کو افغانستان کیخلاف بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کنیئرڈ کالج میں کنیئرڈ ٹی 20 انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کرکٹ میچ کے مہمان خصوصی تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان کا کنیئرڈ کالج پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیاگیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس گورنمنٹ کالج حمیرا مغل، کنیئرڈ کالج کی عمارہ خان، سخی سرور بٹ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، سابق ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب مودود جعفری اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، سپورٹس میں خواتین کو آگے لانے کے لئے کام کررہے ہیں، مستقبل میں بھی خواتین کے ایونٹس کرائیں گے، کنیئرڈ کالج کا ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن اقدام ہے جس سے خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اور نیوزی لینڈ کو تاریخی شکست دی ہے، انشاء اللہ 29 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف میچ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ٹی 20انٹر کلب وومن کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامیاب ہونیوالی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں