لکی مروت،خشک موسم اور بارش نہ ہونے سے گندم اور چنے کی فصلوں کی بڑھوتری رک گئی ،کاشتکاروں کی تشویش میں اضافہ

اتوار 17 جنوری 2021 17:00

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) خشک موسم اور بارش نہ ہونے سے ضلع لکی مروت میں گندم اور چنے کی فصلوں کی بڑھوتری رک گئی جس سے کاشتکاروں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا۔ گذشتہ سال بوائی کا سیزن بھی بارشیں نہ ہونے سے خاصا تاخیر سے شروع ہوا تھا اور کاشتکاروں کو امید تھی کہ آنے والے ہفتوں میں وقت پر پھوار ہوئی تو اس کا فصلوں پر اچھا اثر پڑے گا لیکن دیگر جنوبی اضلاع کی طرح لکی مروت میں موسم خشک اور سرد ہے اور اس کا فصلوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے ۔

خاص کر ریتلے علاقے میں گندم اور چنے کی فصلوں کا دارومدار صرف بارش پر ہے بوائی کے وقت بھی کسان پریشان تھے کیونکہ بارشیں نہیں تھیں اور زیر زمین نمی (ناو) نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ اب خشک موسم کی وجہ سے اچھی فصل لینے کی ان کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ماڈل فارم سروسز سینٹر کے ایگزیکٹو ممبر حمید خان مینا خیل اور پریس سیکرٹری حاجی امیر محمد خان آف تا جہ زئی نے کہا کہ محکمہ زراعت کے ضلعی ڈائریکٹر عبدالقیوم خان کی کوششوں سے آگہی سیمینارز، زمینداروں کے ساتھ قریبی رابطوں اور حکومت کی طرف سے تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھاد اور جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی ادویات پر سبسڈی کی بدولت علاقے میں وسیع پیمانے پر گندم کاشت کی گئی ہے دوسری طرف زمیندار پریشان ہیں کہ آیا انہیں اپنی محنت کا پھل مل پائے گا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش میں مزید تاخیر کلی طور پر بارش پر انحصار کرنے والی گندم اور چنے کی فصل کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے اور اس سے نہ صرف غذائی خود کفالت کا خواب چکنا چور ہوگا بلکہ مقامی کسانوں کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کاشتکار تنظیموں کے رہنمائوں نے کہا کہ بارشوں کے لئے جہاں مساجد میں نماز استقاء کی اپیل کی جارہی ہے وہیں حکومت کو چاہیے کہ ضلع لکی مروت میں آبپاشی کے لئے وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کی خاطر باران ڈیم کی اپریزنگ اور کرم تنگی ڈیم منصوبوں پر کام تیز کرنے کے ساتھ ساتھ رود کوہی ڈیموں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے تاکہ زمینیں آباد اور کاشتکار خوشحال ہوں اور زرعی خود کفالت کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں