لکی مروت،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس پر کرائے بڑھا دیئے

اندرون ضلع وسے باہر روٹوں کیلئے کرایوں کا تعین کیا جائے ، خلاف ورزی پر کاروائی عمل میں لائی جائے، شہریوں کا مطالبہ

جمعہ 17 جون 2022 19:38

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2022ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ پے در پے اضافے کے بعد ٹرانسپورٹروں نے مختلف روٹوں پر کرائے کئی گنا بڑھا کر مسافروں خاص کر کام پر جانے والے سرکاری و نجی ملازمین کی چیخیں نکلوا دیں۔ حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھائے جانے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہو ا ہے جس سے عام لوگ سخت پریشان ہیں، ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے سے سرکاری ملازمین کی پریشانی دو چند ہے کیونکہ انہیں چاروناچار ڈیوٹی سٹیشن پر پہنچنا ہوتا ہے، لکی شہر سی14کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی تک کوچ کرایہ80روپے فی سواری وصول کیا جارہا ہے جو کہ اس سے پہلے 40روپے تھا یہی نہیں بلکہ دیگر روٹوں پر بھی ٹرانسپورٹروں نے اپنے طور پر کرائے بڑھا دیئے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث حکومت نے عوام کو ٹرانسپورٹرز اور دیگر مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے بھی ڈی ایچ کیو کمپلیکس تاجہ زئی تک کرایوں میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام پر زور دیا ہے کہ اندرون ضلع اور ضلع سے باہر روٹوں کے لئے کرایوں کا تعین کیا جائے اور خلاف ورزی پر کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں