لاڑکانہ پولیس کی شہید اہلکاروں سمیت حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہمی کے لیے آئندہ ماہ اسکول کے قیام اوران کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

منگل 22 جنوری 2019 20:10

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) لاڑکانہ پولیس کی جانب سے شہید اہلکاروں سمیت حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے آئندہ ماہ اسکول کے قیام سمیت ان کے ہر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ گذشتہ روز ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید اکبر ریاض اور ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کی جانب سے 72 سے زائد شہید پولیس اہلکار و افسران کے لواحقین کے لیے شہر کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پر انہوں نے شہیدوں کے ورثا سے ملاقات کرکے ان سے مسائل دریافت کی اور ان کے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب میں میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ محمد اسلم شیخ، پریس کلب کے صدر ایس اقبال بابو، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے سیکریٹری جنرل خیر محمد شیخ، طارق نظیر شیخ سمیت صحافیوں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی جاوید اکبر ریاض اور ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کا کہنا تھا کہ پولیس کے شہدائے کے بدولت آج پورے سندھ میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے ہم پر فرض ہے کہ ہم شہیدوں کے ورثا کی خدمت کرکے ان کے مسائل اولیت کے بنیاد پر حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کے ورثا کو کوٹہ کے مطابق ملازمتیں دینے کے بعد اب آئندہ ماہ ان کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دینے کے لیے پبلک اسکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے پلاٹ بھی مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو مفت پلاٹ دینے کے لیے کوشاں ہیں اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں