گورک ہل اسٹیشن پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے 170 چھوٹے ملازمین کا ممکنہ طور پر ملازمتوں سے فارغ کرنے پر خودسوزی کا اعلان

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:10

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے دادو ضلع میں واقع تاریخی مقام گورک ہل اسٹیشن پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے 170 چھوٹے ملازمین نے ممکنہ طور پر ملازمتوں سے فارغ کرنے پر خود کو آگ لگاکر خودسوزی کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گورک ہل اسٹیشن پر ملازمت کرنے والے محمد صادق، واحد بخش، محمد رمضان اور قائم بخش نے لاڑکانہ پہنچ کر صحافیوں کو بتایا کہ ہم گزشتہ 7 سالوں سے مسلسل گورک ہل اسٹیشن کی خوبصورتی دکھانے کے لیے آنے والے سیاحوں کا خیال رکھ کر انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں ملازمتوں سے فارغ کرکے ہمارے چھوٹے چھوٹے بچوں کو فاقہ کشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان ہے لیکن اس وقت ہمارے منہ سے نوالا بھی چھینا جارہا ہے جو شہیدوں کے مشن کی نفعی کرنے والا عمل ہے، ملازمین نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ ثقافت کے صوبائی وزیر اور دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ ہماری برطرفی کا فیصلہ واپس لیا جائے بصورت ہم خود کو آگ لگاکر خودسوزی کریں گے جس کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں