نوجوان نسل میں آزادی،حب الوطنی کی اہمیت اجاگر کرنا اہم ضرورت ہے،ڈی جی تعلقات عامہ محمد سلیم خان

پیر 25 مارچ 2024 17:39

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محکمہ اطلاعات حکومت سندھ محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کا جتنا شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے اور نوجوان نسل میں آزادی اور حب الوطنی کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ جن قوموں کے پاس اپنا آزاد وطن نہیں وہ ظلم و جبر کی چکی میں پس رہی ہیں ہمیں اس بات کا ہر لمحہ شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمارے آبائو اجداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کا خواب دیکھا اور اسے عملی جامہ پہنایا۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن ہماری تاریخ میں اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ قرار داد پاکستان کی منظوری کے صرف 7 سال کے مختصر عرصہ میں پاکستان کا قیام عمل میں آگیا جوکہ بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کی ولولہ انگیر قیادت کا نتیجہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ وطالبات نے نہایت جوش و جذبہ کے ساتھ اپنی تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں گے جوکہ نہایت خوش آئند بات ہے۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے کوئز مقابلے میں کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں