یکم مئی انسانی تاریخ میں محنت و عظمت،جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن ہے،درچین مری

منگل 30 اپریل 2024 23:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) پیمرا بلوچستان کی چیئرپرسن اور بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما درچین مری نے کہا ہے کہ یکم مئی کو مزدوروں کاعالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے۔ اسلام نے تمام طبقات کے حقوق متعین کئے ہیں ،تاہم مزدور کے حقوق کے حوالے سے اسلام میں کہا گیا ہے کہ مزدور کو اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کر دی جائے، آنحضرت ﷺ کی طرف سے مزدوروں کے حق میں اہل دنیا کے لئے یہ ایک اہم پیغام ہے، لیکن آج کل کے معاشروں میں عملی میدان اس حوالے سے کمزوری ہے، آج بھی جاگیردار اور سرمایہ دار مزدوروں کے ساتھ ظلم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

محترمہ درچین نے کہا کہ انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن یکم مئی ہے۔ 1886ءمیں شکاگو میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی آواز، اپنا پسینہ بہانے والی طاقت کو خون میں نہلا دیا گیا، مگر ان جاں نثاروں کی قربانیوں نے محنت کشوں کی توانائیوں کو بھرپور کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھیتوں، کھلیانوں، کانوں اور دیگر کار گاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے اور یہ محنت کش انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہیں۔انہوںنے کہا کہ آج ہم عالمی یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے ان محنت کشوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے مزدور دنیا کے کسی بھی خطے سے تعلق ہو پاکستان ہو یا شکاگو قابل قدر و عظمت ہے، ان کی اس عظمت کو سلام ہے ۔

بی اے پی کی رہنما درچین مری نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو لیبر پالیسی دی تھی، اس کا ذکر خطبہ حجة الوداع میں بھی موجود ہے کہ جو لوگ تمہارے ہاتھ کے نیچے کام کرتے ہیں وہ تمہارے بھائی ہےں، ان پر کام کا وہ بوجھ نہ ڈالو جس کی وہ طاقت نہ رکھتے ہوں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مزدوروں کے لئے جامع قوانین بنائےں تا کہ ان کے حقوق کا تحفظ ہوسکے، حالانکہ 1919ءکو عالمی ادارہ محنت کے قیام پر محنت کشوں کے اس بنیادی حق کو تسلیم کیاگیا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں