غریب مظلوم شہریوں کو بروقت انصاف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،ایس پی سرکل اوگی زاہد الرحمن

منگل 26 مارچ 2024 16:17

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) ایس پی سرکل اوگی زاہدالرحمن نے کہاہے کہ اوگی پولیس ڈویژن کے تمام تھانہ جات کے حدودمیں پائیدار امن کاقیام اور سماج دشمن عناصر،منشیات فروشوں دیگرمعاشرتی برائیوں میں ملوث عناصر کا قلع قمع پولیس کی اولین ترجیح ہےاوراس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا،عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے تو پولیس سوفیصدکارکردگی دکھائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفترمیں سابق صدر ایوان تجارت اوگی سربلند خان،پی ٹی آئی تحصیل اوگی کے صدر حبیب بسی خیل،جماعت اسلامی تحصیل اوگی کے امیر ریاض اسامہ پر مشتمل وفدسے دوران ملاقات گفتگومیں کیا۔وفدسے پولیس اوردیگرامور کے حوالے سے مختلف مسائل پربھی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

ایس پی زاہدالرحمن نے کہاکہ ہمارے آفس کے دروازے لوگوکیلئے کھلے ہیں،پولیس سے متعلقہ ہرمسئلہ حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ تھانہ جات کے اندرٹاوٹس کاداخلہ بنداورجرائم پیشہ عناصرکونشان عبرت بناکر شریف شہریوں کو عزت دی جائے گی،ہمارے لیے سب سے زیادہ وی آئی پی وہ غریب مظلوم ہے،جس کا اللہ کے علاوہ اور کوئی سہارااورسفارش نہیں ہے،ایسے لوگوں کو بروقت انصاف فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ معاشرے میں اچھے مثبت کردار والے لوگ علاقہ کے اندرپائیدارامن کے قیام اورمختلف سماجی برائیوں کے خاتمے،تنازعات کے حل میں پولیس فورس کیلئے کافی معاون ثابت ہوسکتے ہیں اور پولیس بہتر کوارڈینیشن کے ذریعے مختلف معاملات میں عوامی تعاون بھی ضرور حاصل کرے گی تاکہ پولیس سوفیصد نتائج دے سکے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں