انسداد پولیو کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، مجاہدخان

پیر 12 نومبر 2018 23:52

مردان۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انسداد پولیو کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، یہ ہمار ا قومی فریضہ ہے تاکہ ہماری قوم کے بچے معذوری سے بچ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ او آفس مردان میں تین روزہ پولیو مہم کے افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر قاسم علی خان، ڈی ایچ او مردان ڈاکٹر فضل ہادی، ای پی آئی پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عمران، صوبائی ای وی سی کے نمائندے ڈاکٹر قابل شاہ اور یو این ایس ایف اور ڈی پی سی آر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ای پی آئی پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عمران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم 12تا 15نومبر تک جاری رہیگی۔

(جاری ہے)

اس مہم میں 4لاکھ 963 ٹارگٹڈ بچوں کو پولیو ویکسین پلائے جائینگے۔

اس کیلئے 1251ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اس کے ساتھ پولیس نفری ، پٹواری، یونین کونسل کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے اہلکار مہم میں شریک ہوں گے۔ ممبر قومی اسمبلی اورڈپٹی کمشنر مردان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت نے انسداد پولیو کے حوالے سے اب تک ٹھوس اقدامات اٹھا رکھے ہیں ۔ جس کی وجہ پولیو مرض پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ اس لئے ضلع مردان کو فری پولیو قراردیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور محکمہ صحت کے نمائندوں کیساتھ مکمل تعاون کریںتاکہ آنیوالی نسلوں کو اس معذوری سے بچا یا جاسکے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں