سٹی لوکل گورنمنٹ مردان اور صباون تنظیم کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

بدھ 27 اپریل 2022 00:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2022ء) میئر مردان حمایت اللہ مایار کی سربراہی میں سٹی لوکل گورنمنٹ مردان اور صباون تنظیم کے درمیان ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت مردان کی 5 یونین کونسلوں اور ویلج کونسلوں میں نکاسی نظام کو بہتر بنانے، شہریوں کو صفاف پانی فراہم کرنے اور صفائی کے نظام کو بہتر کرنے اور اس حوالے سے منتخب مقامی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے لوگوں میں آگاہی پھیلانے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔

اس موقع پر ٹی ایم اے ہال میں پروگرام منعقد کیا گیا جس میں میئر مردان حمایت اللہ مایار سٹی لوکل گورنمنٹ اور صباون تنظیم کے نمائندے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صباون تنظیم کے نمائندے نے پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے موثر اور منصفانہ اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

میئر مردان حمایت اللہ مایار نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی لوکل گورنمنٹ مردان ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے مردان میں گندگی کو ٹھکانے لگانے کے لیے ڈمپنگ گراؤنڈ کو مزید بہتر کریگی جس کے لیے 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پانی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی پائن لائینیں اور موجودہ متاثرہ پائپ لائنوں کو بھی بہتر کیا جائیگا۔

میئر مردان نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے مگر ہم اپنی ذمہ داریاں بھی متعلقہ اداروں پر چھوڑ دیتے ہیں جو ان کے لیے اضافی بوجھ بن جاتا ہے۔ صفائی کے نظام کو مزید موثر کرنے لئے ترجیحی بنیادوں پر نئی مشینیں خریدی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مردان کے وہ علاقے جہاں ہسپتالوں اورسکولوں میں لیٹرین کی سہولت نہیں اس معاہدے کے تحت وہاں واش رومز بنائے جائیں گے۔

ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سٹی لوکل گورنمنٹ مردان کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائی گی اور سٹی لوکل گورنمنٹ مردان پولیس کے ساتھ مل کر اس کی روک تھام کیلئے بھر پور اقدامات کریگی اور اس ضمن میں منتخب مقامی نمائندے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اس کے علاوہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی سٹی لوکل گورنمنٹ کے ایجنڈے میں شامل ہے اور اس کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گی

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں