یو این ایچ سی آر بلوچستان حکومت کو کوویڈ۔19 کی وباء سے نمٹنے کیلئے 3 بڑے طبی آلات سے لیس رب ہال ہسپتال عطیہ کر رہی ہے ،ترجمان قیصر خان

منگل 7 اپریل 2020 18:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر بلوچستان حکومت کو کوویڈ۔19 کی وباء سے نمٹنے کیلئے 3 بڑے طبی آلات سے لیس رب ہال ہسپتال عطیہ کر رہی ہے جو (آج) بدھ کو صوبائی حکومت کے حوالے کر دیئے جائیں گے، ملک میں افغان مہاجرین کے 54 کیمپوں میں ابھی تک کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم یو این ایچ سی آر کے 3 ہزار رضا کار مہاجرین کے کیمپوں میں احتیاتی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ اس مہلک مرض کی علاماتِ اور نقصانات کے حوالہ سے بھی مہاجرین و عوام کی رہنمائی کی جا رہی ہے۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر خان نے کہا کہ یو این ایچ سی آر بلوچستان حکومت کو 3 بڑے رب ہال ہسپتال جو مکمل طور پر طبی آلات سے لیس ہوں گے جن میں بڑی تعداد میں مریضوں کا علاج کیا جا سکے گا اور ان رب ہال کو صوبہ بلوچستان کے تین بڑے ہسپتالوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قیصر خان نے کہا کہ اس سے قبل یو این ایچ سی آر پاکستان کے چاروں صوبوں میں 28 بنیادی صحت کے مراکز کو صوبائی حکومتوں کو فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بروقت اور مثبت اقدامات کی وجہ سے اس وباء کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عوام احتیاتی تدابیر پر عمل کرکے اس وباء سے اپنے آپ اہلخانہ کو اور معاشرے کو محفوظ رکھ سکتے ہیں اس وقت ملک میں افغان مہاجرین کے 54 کیمپ قائم ہیں، ان تمام کیمپوں میں ابھی تک کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا اور یو این ایچ سی آر کے تین ہزار رضا کار اس وباء کے نقصانات اور بچاؤ کے حوالے سے مہاجرین کو آگاہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں