مسلم لیگ ن پاکستانی محب وطن جماعت ہے،جماعت کے قائد میاں نواز شریف قائداعظم کے پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، جاوید ہاشمی

پیر 15 مارچ 2010 18:34

کوٹ غلام محمد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔15مارچ۔ 2010ء) مسلم لیگ ن پاکستانی محب وطن جماعت ہے۔ اس جماعت کے قائد میاں محمد نواز شریف قائداعظم کے پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ بات مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن سٹی کوٹ غلام محمد کے سابق صدر مظفر احمد جٹ سے اپنی رہائش گاہ ملتان میں ملاقات کے دوران کہی۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے تنظیم سازی کیلئے آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں وہ ہی میرٹ کے مطابق قربانیاں دینے والے وفادار ساتھیوں کو ہی عہدوں پر فائز کریں گے۔

نئے آنے والے دوستوں کو یکدم عہدوں پر تعینات نہیں کرینگے۔ موجودہ آرگنائزنگ کمیٹی تنظیم سازی کے کام میں مصروف ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ نواز شریف کے سچے اور پکے ساتھی ہیں ان کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پارٹی کیلئے قابل قبول ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ اپنے قائد میاں نواز شریف کے اعتماد کو بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ پرانے قابل اعتماد ساتھیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

پرانے ساتھی کارکن ہمارے قیمتی اثاثہ ہیں۔ نئے آنے والے دوست بھی ہمارے بھائی ہیں وہ پارٹی کیلئے اپنے سینئر دوستوں کی رہنمائی کے ساتھ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرین۔ پارٹی میں اپنا اعتماد بحال کروائیں۔ آپس کے اختلافات کو ختم کریں تو پارٹی مضبوط ہوگی۔ گھر گھر جا کر پارٹی منشور کو پھیلائیں اور قائد میاں نواز شریف کا پیغام عام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے پورے پاکستان کا دورہ کرینگے۔ آئندہ ہونیو الے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے۔ میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے مخالفین کی نیندیں اڑ چکی ہیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ بھوک وافلاس، غربت کا خاتمہ اور ملک کو تعلیم یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں