ایوان تجارت و صنعت ملتان کے الیکشن میں ’’ملتان چیمبر اتحاد گروپ‘‘ نے 12میں سے 10نشستیں جیت کر میدان مار لیا

منگل 18 ستمبر 2018 00:31

ملتان۔17ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے الیکشن میں ’’ملتان چیمبر اتحاد گروپ‘‘ نے 12میں سے 10نشستیں جیت کر میدان مار لیا۔ کارپوریٹ کلاس میں اتحاد گروپ نے کلین سویپ کیا ہے۔ ملتان چیمبر اتحاد گروپ کی کامیابی پر حامیوں نے کامیاب امیدواروں پر پھول نچھاور کئے اور بھنگڑے بھی ڈالے۔ نومنتخب امیدواروں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی کاروباری برادری کے مسائل کے فوری حل کا عزم دہرایا ہے اور کہا ہے کہ شہر اب نئے دور میں داخل ہو گا۔

شہر کی معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ گزشتہ روز ایوان تجارت و صنعت ملتان کے الیکشن برائے سالن 2018-19کے حوالے سے پولنگ کا عمل ہوا۔ پولنگ صبح 9بجے سے شروع ہو کر 4بجے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

پولنگ کے اختتام پر گنتی کا عمل شروع ہوا اور گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے نتائج کا اعلان کیا۔ جاری کردہ نتائج کے مطابق ملتان چیمبر اتحاد گروپ نے فرینڈز گروپ کو مات دیدی اتحاد گروپ نے کارپوریٹ کلاس میں کلین سویپ کیا اور سات کی سات نشستیں جیت لیں جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس میں 5میں سے 3نشستیں اتحاد گروپ نے جیتی ہیں ،اس طرح مجموعی طور پر اتحاد گروپ نے 12میں سے 10نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

36سال بعد ہونے والے الیکشن میں اتحاد گروپ کی تاریخی کامیابی پر حامیوں نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس دوران حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے جاری نتائج کے مطابق کارپوریٹ کلاس میں اتحاد گروپ کے امیدوار مجیب اللہ خان نے سب سے زیادہ 81ووٹ لئے ، میاں راشد نے 76نعیم احمد نے 73خواجہ محمد حسین نے 75محمد سرفراز نے 79طارق خان نے 79اور عقیل اعجاز نے 66ووٹ حاصل کئے۔ ایسوسی ایٹ کلاس میں اتحاد گروپ کے امیدوار شیخ محمد امجد نے سب سے زیادہ 126ووٹ حاصل کئے۔ خواجہ بدر منیر نے 114اور خواجہ عثمان نے 112ووٹ حاصل کئے۔ فرینڈز گروپ کے خواجہ ریاض نے 116اور شیخ ندیم نے 110ووٹ حاصل کئے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں