تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران اربوں روپے کی اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے،کمشنر

بدھ 24 اکتوبر 2018 02:00

ملتان۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عرصہ دراز سے سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے خلاف کاروائی کا بھر پور مینڈیٹ دیا ہے ،ملتان میں تجاوزات آپریشن کے دوران اربوں روپے کی اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گول باغ مارکیٹ اپریشن کے دوران 48سے زائد دکانوں کو مسمار کرکے حکومت کی قیمتی اراضی کو واگزار کرایاگیا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز گول باغ مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری تجاوزات اپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر میر نواز بھی انکے ہمراہ تھے ۔کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ ،پولیس ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور سول ڈیفنس سمیت تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسط میں گرینڈ آپریشن سے عوام میں تبدیلی کا مثبت پیغام گیا ۔

(جاری ہے)

5کنال سے زائد اراضی پر قائم 48دکانوں کو گرانا ضلعی انتظامیہ کا کارنامہ ہے ۔عمران سکندر بلوچ نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف یہ آخری آپریشن نہیں بلکہ کریک ڈائون کاآغاز ہے۔ ملتان ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں بڑے قابضین کے پر ہاتھ ڈالنے کا حکم دیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں