ملتان شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کے لیے 3 کروڑ روپے مختص

منگل 20 اگست 2019 18:06

ملتان ۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے حالیہ بجٹ میں ملتان شہر میں دو ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کے لیے 3 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ تاریخی شہر مدینتہ الاولیاء میں ڈبل ڈیکر بسوں کا اضافہ قدامت اور جدت کا ایک خوبصورت امتزاج ہو گا۔

وہ ملتان شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد حمزہ سالک،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی، سیکرٹری آرٹی اے کامران بخاری، ٹورازم اور ٹریفک افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کا کرایہ لاہور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں کم رکھا جائے اور ایسا روٹ ترتیب دیا جائے کہ سیاح ایک ٹور میں تمام روحانی اور تاریخی مقامات کی سیر کر سکیں۔

(جاری ہے)

عامر خٹک نے کہا کہ بسوں کے اندر تاریخی مقامات کے بارے کمنٹری کا انتظام یقینی بنایا جائے ، اس عمل سے نوجوان نسل کو کئی صدیوں سے آباد ملتان شہر کی تاریخ بارے شناسائی حاصل ہوگی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کے لیے قلعہ کہنہ قاسم باغ، شاہ شمس پارک اور چمن زار عسکری میں تین ٹرمینل قائم کئے جائیں گے۔

ڈبل ڈیکر بس کے مجوزہ روٹ کے مطابق بس قلعہ، گھنٹہ گھر، نواں شہر، ایس پی چوک، قاسم بیلہ کے راستے چمن زار عسکری پہنچے گی اور واپسی پر باغ شہداء ،سروسز کلب، میسکو چوک، کینٹ، ہائی کورٹ ،آرٹس کونسل، کچہری چوک اور 9 نمبر چونگی کے راستے شاہ شمس پارک آئے گی۔ اس طرح ڈبل ڈیکر بس کا سفر شاہ شمس پارک کے راستے ملتان قلعہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ ڈبل ڈیکر ائیر کنڈیشنڈ بس 60 سیٹوں پر مشتمل ہو گی جس کا گراونڈ فلور 17 جبکہ فرسٹ فلور پر 43 سیٹوں پر مشتمل ہو گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں