ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا نشتر ہسپتال کا دورہ ،تونسہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی

بدھ 1 مئی 2024 21:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ رات تونسہ میں جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق بدھ کے روز ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے یہاں نشتر ہسپتال کا دورہ کیا ، مذکورہ زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کی، انکی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری پر اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے اور ان کے حملے کو پسپا کرنے پر تمام جوان داد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان ہمارا فخر ہیں جو عوام الناس کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے کہا کہ ہم ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات تونسہ کی چوکی جھنگی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا ۔اس دوران پولیس کے سات جوان زخمی ہوئے جن میں سے تین جوانوں کا تعلق ایلیٹ فورس ملتان سے ہے جو نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں