مریدکی: ماں بیٹی نے ساتھیوں کے ہمراہ محنت کش کی 12سالہ بیٹی اغوا کر لی

پیر 8 اگست 2022 21:23

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2022ء) ماں بیٹی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ صدر کے علاقہ حسین ٹاؤن سے محنت کش کی 12سالہ بیٹی اغوا کر لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مغویہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ خدیجہ عباس نامی محلہ دار لڑکی کا محلہ حسین ٹاؤن کے رہائشی محنت کش محمدریاض کے گھر آنا جانا تھا۔ چند روز قبل خدیجہ مبینہ طور پر اپنی والدہ ثمینہ عباس کے ہمراہ محمد ریاض کے گھر آئی اور اس کی 12سالہ بیٹی طیبہ کو اپنے ہمراہ بازار لیجانے کی اجازت طلب کی۔

والدین کے انکار پر ما ں بیٹی نے لڑکی کو کمرے میں داخل ہو کر ورغلایا اور دیگر گھر والوں سے آنکھ بچا کر طیبہ کو مبینہ طور پر اغوا کرکے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کیر ی ڈبہ میں ڈال کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

والدین نے اپنے طورپر بچی کی تلاش کے بعد تھانہ صدر مریدکے پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایچ او ولی حسن پاشا نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے بچی کی بازیابی کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ نامزد ملزمان بھی گھر چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں تاہم انہیں جلد تلاش کرکے بچی کو بازیاب کرایا جائے گا۔ مغویہ طیبہ کی والدہ نے روتے ہوئے بتایا کہ خدیجہ نے خود گھر سے بھاگ کر کسی محلہ دار کے ساتھ نکاح کر لیا ہے اور انہیں شک ہے کہ اس نے ان کی بیٹی کو بھی غلط کاری کی نیت سے اغوا کیا ہے۔ محنت کش والدین نے پولیس اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچی کو فوری بازیاب کروا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔

بچی کے اغوا کے بارے معلومات کے لیے جب تھانہ صدر مریدکے رابطہ کیا گیا تو تھانہ کے محرر یاسرنے وقوعہ سے ہی لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی بھی معلومات دینے سے انکار کر دیا۔علاقہ کے صحافیوں نے ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے لا علم محرر کو فوری تبدیل کرکے ذمہ دار اہلکار کو تھانہ صدر مریدکے میں محرر تعینات کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں