لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث معطل راولاکوٹ ،پونچھ آرپار تجارت دوبارہ بحال

تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے ستر مال بردار ٹرک آر پار پہنچنے پر تاجروں سمیت مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

منگل 16 اپریل 2019 16:25

لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث معطل راولاکوٹ ،پونچھ آرپار تجارت دوبارہ بحال
چکوٹھی /مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث دو اپریل کو معطل ہونے والی راولاکوٹ ،پونچھ آرپار تجارت منگل کو دوبارہ بحال ہو گئی ،لائن آف کنٹرول تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے ستر مال بردار ٹرک آر پار پہنچنے پر تاجروں سمیت مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث دو اپریل کو معطل ہونے والی راولاکوٹ ،پونچھ آرپار تجارت منگل کو بحال ہو گئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیر سے 35مال بردار ٹرک مقبوضہ جموں و کشمیراور مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھی35ٹرک آزاد کشمیر پہنچے ۔

رپورٹ کے مطابق تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے دو طرفہ تجارت بدھ،جمعرات اور جمعہ کے روز بھی بغیر وقعہ کے جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایل او سی تاجروں مرزا شکیل ،خواجہ منظور ،اعجاز میراور دیگر نے تیتری نوٹ چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے دو ہفتے بعد بس اور ٹرک سروس کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرپار تجارت اور بس سروس امن کی علامت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ تجارت سے ہزاروں افراد کاروزگار منسلک ہے تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کے بعد اب سرینگر مظفرآباد تجارت کی بحالی فوری طور پر ضروری ہے ۔تاجروں کے مطابق لائن آف کنٹرول کو ملانے والے امن برج کی مرمتی اتنا بڑا مسئلہ نہیں اگر حکام چاہیے تو باقی کی مرمتی چند گھنٹوں میں کر کے سرینگر مظفرآباد بس اور ٹرک سروس بحال کی جا سکتی ہے ۔حکومت پاکستان بالخصوص دفتر خارجہ پاکستان پچاس روز سے سرینگر مظفرآباد بس اور چالیس روز سے سرینگر مظفرآباد ٹرک سروس کا معاملہ فوری طور پر اٹھائے اور اسے بحال کر نے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں