زکوة فنڈ سے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے اخراجات کی ادائیگی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا ‘ راجہ محمد فاروق حیدر

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:38

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ زکوة فنڈ سے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے اخراجات کی ادائیگی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا اور ادویات کے نرخ بڑھنے کی وجہ سے مالی امداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔ میرپور اور مظفرآباد میں دل کے امراض کے ہسپتال اور مظفرآباد میں کینسر کے مریضوں کے لیے ہسپتال بنایا جائیگا ۔

میرپور ہارٹ ہسپتال جلد کام شروع کر دے گا۔ وہ جمعہ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ملک محمد نواز کے توجہ طلب نوٹس پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستحق مریضوں کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح صحت کے شعبہ میں بھی شہریوں کو زیاد ہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں فری ایمرجنسی سروسز کا منصوبہ آزادکشمیر بھر میں چل رہا ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مستحق مریضوں کیلئے مالی امداد کو دوگناہ کرناچاہتے ہیں،ہمیں احساس ہے کہ ادویات کی قیمتیں تین گنا بڑھ چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں مریضوں کو بہت سی سہولیات حاصل تھیں ،میں نے وزیر اعظم پاکستان سے بات کی ہے کہ وہ سہولیات بحال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج مریض جو مستحق زکوة ہیں اس کے علاج کے اخراجات کے لیے صرف ہسپتال سے تصدیق لی جائے گی اور اخراجات ادا کر دیئے جائیں گے جبکہ دیگر قانونی کارروائی بعد میں مکمل کر دی جائے گی۔

اپنے توجہ طلب نوٹس میں ممبر اسمبلی ملک محمد نواز نے حکومت کی توجہ مستحق مریضوں کو سرکاری مالی امداد میں تاخیر اور مشکلات کی طرف مبذول کروائی تھی اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اس سارے عمل کو آسان بنایا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں