وزیر اعظم کی طرف سے’ ٹائیگرز فورس‘ وبا ء کیخلاف جاری جہاد میں عوام کو شریک کرنے کی موثر کوشش ہے ،ڈاکٹر لطف الرحمان

کورونا دنیا بھر کی طرح ہماری سوسائٹی اور حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج بن کر رہ گیا ہے،حکومت اور معاشرے کے ہر فرد کو مل کر جہاد کرنا ہوگا،بانی صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر

ہفتہ 4 اپریل 2020 19:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے’’ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس‘‘ اس وبا ء کے خلاف جاری جہاد میں عوام کو شریک کرنے کی ایک موثر کوشش ہے ، کورونا وائرس اس وقت دنیا بھر کی طرح ہماری سوسائٹی اور حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج بن کر رہ گیا ہے۔

اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت اور معاشرے کے ہر فرد کو مل کر جہاد کرنا ہوگا ۔حکومت اور عوام کا باہمی تعاون ہی سماج کو اس مشکل صورت حال سے نجات دلا سکتا ہے۔اس ضمن میں کچھ کام حکومت ہی کر سکتی ہے جن میں پالیسی سازی ،اداروں کو جدید وسائل سے لیس کرنا ،ان سے کام لینا اور عوامی موبلائزیشن شامل ہے جبکہ کچھ کام ایسے ہیں جن کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک متحرک ،فعال سوسائٹی حکومت کا ہاتھ بٹا سکتی ہے۔مظفرآباد میں نوجوانوں کے مختلف گروپس نے رضاکارانہ جذبے کے تحت کام شروع کیا ہے ۔ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے ۔ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا کہ جہاں حکومت ، رضاکار اور ریاستی ادارے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تگ و دو کر رہے ہیں وہیں ڈاکٹرحضرات بھی اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ تمام پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں