آزادکشمیر میں سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم آزادکشمیر کی کنسلٹنٹ برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن سبینہ احمد سے ملاقات کے دوران بات چیت

ہفتہ 14 مئی 2022 22:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے ، اس سلسلہ میں حکومت آزاد کشمیر انقلابی اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے، دنیا جس تیزی سے ترقی کررہی ہے اس میں ہنر مند افراد کا بنیادی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنسلٹنٹ برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن آزادکشمیرسبینہ احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں آزادکشمیر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے مختلف امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔سبینہ احمد کی تجاویز پر وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر میں قائم ٹیکنیکل ایجوکیشن اداروں میں نئی پالیسی کی تیاری کے احکامات جاری کیے اور ایک ہفتے کے اندر اس حوالے سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے کے اندر آزادکشمیر کے اندر فنی تعلیم وتربیت کے حوالے سے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنیکل پالیسی پیش کردی جائے گی۔

کنسلٹنٹ برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن سبینہ احمدکے ساتھ بات چیت کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں حکومت آزاد کشمیر انقلابی اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے۔آج کے دور میں فنی تعلیم کی اہمیت وافادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،جس تیزی کے ساتھ دنیا ترقی کررہی ہے اس میں ہنر مند افراد کا بنیادی کردار ہے۔

آزادکشمیر کے اندر فنی تعلیم کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت تھی،بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے تعلیمی اداروں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا مگر ان اداروں کے اندر استعداد کار کی گنجائش پیدا نہیں کی۔اگر سرکاری تعلیمی اداروں میں فنی تعلیم بھی شامل کردی جاتی تو آج آزادکشمیر میں ہنر مند افراد کی تعداد ملکی معیشت میں کلیدی کردار اد اکررہی ہوتی۔

ہنر مند افراد نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی زر مبادلہ کا باعث ثابت ہورہے ہیں۔دنیا بھر میں ہمارے لوگ موجود ہیں جولوگ ہنر مند ہیں وہ باوقار روزگار سے وابستہ ہیں۔آزادکشمیر کا خطہ صرف سرکاری ملازمت کی حد تک روزگار کے لیے وقف ہے اس سلسلہ میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔فنی تعلیم وتربیت وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق ہمارے نصاب کا حصہ ہونی چاہیے۔

آئندہ فنی تعلیم کے حوالے سے پالیسی بناتے وقت دور جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھا جائے اور اندرون وبیرون ملک ضرورت کے مطابق ہنر مند افراد کی مہارت کو مد نظر رکھ کر ادارے قائم کیے جائیں۔پہلے سے موجود اداروں کی استعداد کار وصلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے،ہماری حکومت کی اولین ترجیح خطہ کے اندر روزگار کی فراہمی ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں ہنر مند افراد تیار کیے جائیں اور پہلے سے موجودہنر مند افراد کی متعلقہ شعبہ میں مہارت بڑھائی جائے۔

آزادکشمیر کے اندر اس حوالے سے خام مال کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگوں کی تربیت اور فنی تعلیم عام کرنے کے حوالے سے اعداد وشمار جمع کر کے پالیسیوں میں شامل کیے جائیں۔نئی ٹیکنیکل ایجوکیشن پالیسی اولین فرصت میں پیش کی جائے جسے مشاورت کے بعد فوری طورپر نافذ العمل کیا جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں